چھت پر سونے والا نوجوان پراسرار طور پر مردہ پایا گیا
رحیم یارخان(نمائندہ خصوصی ) کزنوں کے ہمراہ رات کا کھانا کھاکر چھت پر سونے والے 18 سالہ نوجوان کی پراسرار ہلاکت ہوگئی، پولیس نے نعش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی اور تحقیقات شروع کردیں۔
تفصیل کے مطابق بستی موسیٰ موہانہ کے رہائشی محمد آصف نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کا 18 سالہ کزن سکندر اپنے کزنوں کے ہمراہ رات کا کھانا کھانے کے بعد چھت پر سوگیا تھا، تاہم صبح وہ چارپائی پر مردہ حالت میں پایا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ اور پراسرار طور پر جاں بحق ہونے والے سکندر کی نعش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی ۔جبکہ اہم شواہد بھی قبضہ میں لے لئے گئے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کزنوں نے پولیس کو بتایا کہ رات کے کھانے میں مرغی کا گوشت پکایا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ نوجوان کو قتل کیا گیا ہے ، مزید تحقیقات جاری ہیں۔