پل باگڑ میں تیز رفتار کار الٹنے سے نوجوان جاں بحق
حادثہ جھلار کے قریب پیش آیا، ضروری کارروائی کے بعد لاش ہسپتال منتقل
جودھ پور،چوپڑ ہٹہ ،بارہ میل(نمائندہ دنیا)کبیروالا کے نواحی علاقے پل باگڑ نزد اڈہ جھلار کے قریب ٹریفک حادثے میں تیز رفتار کار الٹنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد لاش کو سول ہسپتال کبیروالا منتقل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شورکوٹ سے کبیروالا آنے والی ایک تیز رفتار کار پل باگڑ کے قریب بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 28 سالہ عمار شاہ ولد عابد شاہ کے نام سے ہوئی ہے ۔حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
بعد ازاں نعش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال کبیروالا منتقل کر دیا گیا۔علاقہ مکینوں کے مطابق جھنگ روڈ اور اس سے ملحقہ شاہراہوں پر تیز رفتاری کے باعث ماضی میں بھی متعدد ٹریفک حادثات پیش آ چکے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی پولیس اور پٹرولنگ پولیس تیز رفتاری کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں تاکہ حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔