منشیات فروشوں کا مزدور کے گھر پر دھاوا،خواتین پر تشدد

 منشیات فروشوں کا مزدور کے گھر پر دھاوا،خواتین پر تشدد

دوران کارروائی ،درجنوں ڈرم میں موجود سینکڑوں لٹر شراب،چالو بھٹیاں برآمد پوری بستی شراب کی فیکٹریوں میں تبدیل ہوچکی،گرینڈ آپریشن کیا جائے ، شہری

مظفرگڑھ (نامہ نگار)تھانہ صدر مظفرگڑھ پولیس کا بستی راجو والا میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی، منشیات فروشوں نے مخبری کے شبہ پر غریب مزدور کے گھر دھاوا بول کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بناڈالا، بستی کو یرغمال بناکر شراب کی فیکٹریوں میں بدلنے اور فروخت کرنیوالے منشیات فروشوں کیخلاف اہل علاقہ کا احتجاج، گرینڈ آپریشن کا مطالبہ ۔تفصیل کیمطابق تھانہ صدر مظفرگڑھ پولیس نے بستی راجو والا میں بدنام زمانہ شراب بنانے اور فروخت کرنے کا دھندہ کرنیوالے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کی تو موقع سے دیسی شراب بنانے والے بھٹیاں اور درجنوں ڈرم میں موجود سینکڑوں لٹر شراب برآمد کرلی گئی۔ اہل علاقہ کیمطابق زمین میں دبائے گئے درجنوں شراب کے ڈرم ساتھ لے گئے اور کچھ موقع پر ہی چھوڑ دئیے گئے جو تاحال موقع پر موجود ہیں۔

جبکہ پولیس کے جانے کے بعد منشیات فروشوں نے پولیس مخبری کے شبہ پر غریب شخص کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ اور مبینہ منشیات فروشوں سجاد، لیاقت، بلال، رستم وغیرہ نے خواتین اور مردوں کو سرعام بہمانہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ اہل علاقہ کیمطابق بدنام زمانہ منشیات فروشوں نے عرصہ دراز سے پوری بستی کو یرغمال بناکر شراب بنانے کی فیکٹریاں لگارکھی ہیں اور سارا دن ان کے کارندے بستی میں دھڑلے سے شراب فروخت کرتے ہیں۔جن کی وجہ سے اہل علاقہ کا جینا محال ہے ۔ علاوہ ازیں شراب بنانے اور فروخت کرنیوالے افراد کیخلاف اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں