بااثرمسلح افراد کی فائرنگ، نوجوان پر تشدد، خوف و ہراس
واقعہ چمن بائی پاس چوک مظفر گڑھ میں پیش آیا،کارروائی کی جائے ، شہری
مظفرگڑھ،مونڈکا (نامہ نگار)مظفرگڑھ کے نواحی علاقے چمن بائی پاس چوک کے قریب مبینہ طور پر مسلح افراد کی فائرنگ اور ایک نوجوان پر تشدد کے واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، جبکہ پولیس ترجمان نے ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے ۔تفصیلات کے مطابق بستی جاوے والا چوک نزد چمن بائی پاس میں گزشتہ رات مسلح افراد کے ایک گروہ نے مبینہ طور پر ابراہیم نامی نوجوان پر حملہ کر دیا۔ مقامی افراد کے مطابق حملہ آوروں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں ہوائی فائرنگ بھی کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کے دوران پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع بھی دی گئی، تاہم ان کے بقول پولیس بروقت موقع پر نہ پہنچ سکی۔
واقعہ کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں متعدد موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد کو دیکھا جا سکتا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ویڈیو کی روشنی میں واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔علاقہ مکینوں نے سی سی ڈی حکام اور ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چھٹہ سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔دوسری جانب پولیس ترجمان وسیم خان گوپانگ نے متاثرہ فریق کو یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔