حلقہ میں ترقیاتی کام جاری سڑکیں جلد بہتر ہونگی، عون حمید

حلقہ میں ترقیاتی کام جاری  سڑکیں جلد بہتر ہونگی، عون حمید

مونڈکا (نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے ایم پی اے سردار عون حمید ڈوگر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھے ہوئے ہے اور حلقہ پی پی 271 کی تمام یونین کونسلز میں تعمیر و ترقی کے منصوبے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے تک حلقے کی کوئی بھی تباہ حال سڑک باقی نہیں رہے گی۔یہ بات انہوں نے یونین کونسل بستی کھاڑک میں ڈندر برادری کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے ایم پی اے کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔سردار عون حمید ڈوگر نے کہا کہ ان کی سیاست کا آغاز بھی اسی یونین کونسل سے ہوا تھا جہاں سے وہ ناظم منتخب ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں دو مرتبہ ناظم منتخب کر کے جو اعتماد دیا وہ ان کے لیے باعثِ فخر ہے ۔ بعد ازاں عوام نے انہیں دو مرتبہ ایم پی اے منتخب کر کے خدمت کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں حلقے کی تمام یونین کونسلز کی تباہ حال سڑکوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج نظام کی بہتری، اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور نہری نظام کی بہتری کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منظوری کے بعد ترقیاتی کاموں کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ایم پی اے نے کہا کہ صاف ستھرا پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا انقلابی منصوبہ ہے ، جس کے باعث عیدالاضحیٰ پر صفائی کی صورتحال بہتر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور پٹرولیم قیمتوں میں بھی بتدریج کمی آرہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ملک کے دفاع اور عالمی سطح پر اس کے وقار میں اضافے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں حالات مزید بہتر ہوں گے اور ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں