گلگت بلتستان میں گرفتاریاں، جمہوری عمل متاثر ہونے کا خدشہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)گلگت بلتستان کے انتخابات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مبینہ پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات سے 8 فروری کی تاریخ کو دہرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر و سابق رکن قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری، سابق صدور بار رانا محمد ساجد ایڈووکیٹ اور بابر منظور دوگل ایڈووکیٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات ملک میں جمہوری اقدار اور انتخابی نظام کی ساکھ کیلئے ایک اہم امتحان ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو آزادانہ ماحول میں انتخابی مہم چلانے کا مکمل حق ملنا چاہیے اکہ عوام بلا خوف و دباؤ اپنی رائے کا اظہار کر سکیں۔رہنماؤں نے کہا کہ عوام کا اعتماد اسی وقت بحال ہوگا جب ووٹ کی حرمت اور انتخابی نتائج کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابات مکمل طور پر آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار ماحول میں کرائے جائیں تاکہ نتائج پر کسی قسم کا سوال نہ اٹھے ۔ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ ووٹ کے ذریعے کرنے کا حق رکھتے ہیں ۔