ریلویز ملتان ڈویثرن:1روز میں3کروڑ روپے آمدن
یکم جون کو آمدن کا نیا تاریخی ریکاڈ قائم، عید کے موقع پر سفری رش،موثر انتظامی حکمت عملی، ٹکٹ چیکنگ آمدن کا سبب ایک روز میں ٹکٹوں کی مد میں 3کروڑ 15لاکھ روپے آمدن ہوئی، موسیٰ پاک ایکسپریس کے ساتھ اضافی کوچز شامل کی گئیں
ملتان(خصوصی رپورٹر)پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن نے آمدن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ایک دن میں تین کروڑ سے زائد کی آمدن ہوئی تفصیل کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان محمد خالد خان کی زیرِ نگرانی پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن نے یکم جون 2026 کو مسافر آمدن کے حوالے سے ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا عیدالاضحیٰ کے موقع پر بڑھتے ہوئے سفری رش، مؤثر انتظامی حکمت عملی، ٹکٹ چیکنگ کے سخت نظام اور مسافروں میں ٹکٹ خرید کر سفر کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث صرف ایک روز میں مسافروں کی ٹکٹوں کی مد میں 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی جو ملتان ڈویژن کی تاریخ میں ایک دن کی سب سے زیادہ مسافر آمدن ہے ۔عید کے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے موسیٰ پاک ایکسپریس میں اضافی کوچز بھی شامل کی گئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اسٹیشنوں پر ٹکٹ چیکنگ، گیٹ کنٹرول اور مسافروں کی رہنمائی کے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے اس موقع پر ڈویژنل انتظامیہ نے اس کامیابی کا سہرا ڈی سی او ملتان، ٹکٹ چیکنگ سٹاف، بکنگ عملے ، اسٹیشن سٹاف اور دیگر متعلقہ شعبوں کی مشترکہ کاوشوں کے ساتھ ساتھ ان ذمہ دار مسافروں کے سر باندھا جنہوں نے باقاعدہ ٹکٹ خرید کر سفر کو ترجیح دی۔ریلوے حکام کے مطابق عوامی شعور اور قومی ادارے پر اعتماد میں اضافہ پاکستان ریلویز کی ترقی اور بہتری کی جانب ایک خوش آئند پیش رفت ہے ۔پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن مستقبل میں بھی مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔