اوورسیز کی اراضی جعلسازی سے نام کروانے والا گرفتار
اے سی کی انکوائری میں جعل سازی ثابت ، انتقال منسوخ کرنے کی سفارش
وہاڑی (نمائندہ خصوصی )اوورسیز کی اراضی جعلسازی سے نام کروانے والا گرفتار، اوورسیز پاکستانی راجہ منیر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ریاست علی، صابر علی اور محمد اقبال جو برطانیہ میں مقیم ہیں، ان کی چک بھانواں میں واقع زرعی زمین کا مختارِ عام ان کے پاس ہے اور وہ اس کی دیکھ بھال بھی کرتے ہیں، تاہم ملزموں راجہ عبدالریاض، مشتاق حسین اور نثار عباسی نے مبینہ طور پر جعل سازی کے ذریعے یہ زرعی رقبہ اپنے نام منتقل کر لیا۔ اس واقعہ پر تھانہ دانیوال میں مقدمہ نمبر 335/26 بجرم 420، 468 اور 471 درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ متاثرہ فریق کے مطابق ڈپٹی کمشنر وہاڑی کو دی گئی درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر کی انکوائری میں جعل سازی ثابت ہونے کے بعد انتقال منسوخ کرنے کی سفارشات بھی سامنے آ چکی ہیں۔
متاثرین نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر جعل سازی کے واقعات پر سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے