ایل ڈی اے ، ستھرا پنجاب میں معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوسکا
3 سکیموں سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کی ذمہ داری کمپنی کو سونپی گئی تھی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) 15فروری 2025 کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ستھرا پنجاب کے درمیان شہری صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک باقاعدہ ایم او یو پر دستخط کیے گئے تھے ، جس کا مقصد نئی ہاؤسنگ سکیموں میں ویسٹ مینجمنٹ کو مؤثر بنانا تھا۔معاہدے کے تحت ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن اور موہلنوال سکیم سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کی ذمہ داری لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو سونپی گئی تھی۔تاہم ایک سال چار ماہ گزرنے کے باوجود معاہدے پر مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق صرف ایونیو ون میں باقاعدہ ویسٹ کلیکشن سروس شروع کی جا سکی ہے ، جبکہ جوبلی ٹاؤن اور موہلنوال میں اب تک منظم کوڑا اٹھانے کا کوئی مؤثر نظام فعال نہیں ہو پایا۔مزید یہ کہ تینوں سکیموں کی مرکزی شاہراہوں پر نہ تو مکینیکل سویپنگ کا عمل شروع کیا جا سکا ہے اور نہ ہی باقاعدہ مینوئل صفائی کا نظام مؤثر طور پر نافذ ہو سکا ہے ، جس کے باعث سڑکوں پر گندگی اور کوڑے کے ڈھیر معمول بنتے جا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اداروں کے درمیان حدود اور ذمہ داریوں کے تعین پر اختلافات نے پورے صفائی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے ، جس کا براہ راست خمیازہ مقامی رہائشیوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔