آزاد کشمیر میں افراتفری سے صرف دشمن کا فائدہ، تنظیم اسلامی

آزاد کشمیر میں افراتفری سے صرف دشمن کا فائدہ، تنظیم اسلامی

حکومتِ پاکستان معاملات کوحل کرنے کیلئے سنجیدگی کاراستہ اختیار کرے ، شجاع الدینآل پارٹیز کانفرنس بلاکر معاملے کوحل کیا جاسکتا، ایکشن کمیٹی نے افرا تفری پھیلائی

دادو (ڈسٹرکٹ ڈیسک)آزاد کشمیر میں پُرتشدد سیاسی رحجانات اور افراتفری سے فائدہ صرف دشمن کا ہوگا۔ حکومتِ پاکستان آزادکشمیر کے معاملات کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی اختیار کرے ۔ آزاد کشمیر کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومتِ پاکستان فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے ۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر کا یہ حال ہے کہ 78 سال سے ہر آنے والی حکومت نے کشمیریوں کو اُن کے حقوق دینے میں پَس و پیش سے کام لیا، امیر تنظیم نے کہا کہ اگرچہ اِس تحریک کے مطالبات درست ہیں اور یہ مسائل صرف آزاد کشمیر ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے ہیں، انہیں سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ پھر یہ کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے بھی ایسے سیاسی رجحانات کا مظاہرہ کیا جس سے افراتفری پھیلی اور ریاست کی رِٹ چیلنج ہوئی۔ اِن افسوس ناک حالات کا فائدہ صرف اور صرف بھارت اور دیگر پاکستان مخالف طاغوتی قوتوں کو ہوا ہے۔

امیر تنظیم نے کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے ، اُس کے کارکنان پر مقدمات بحال کرنے اور اُسے 27 جولائی 2026ء کو آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن میں حصّہ لینے سے روکنے سے مسائل ہرگز حل نہیں ہونگے ۔ بلکہ مسئلہ کشمیر پر ریاستِ پاکستان کا مؤقف بھی کمزور ہوگا۔ پھر یہ کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں ایسے معاملات کو فہم و فراست سے حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے اپیل کی کہ27 جولائی کو آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں