الٰہ دین پارک کو اربن فاریسٹ میں تبدیل کرنے کااعلان
کے ایم سی کی 50 ایکڑ زمین کو شجرکاری کے لیے استعمال میں لایا جائے گا،میئر
کراچی(اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید بے نظیر بھٹو پارک میں مینگروز اور شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد اہم منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، منتخب نمائندے اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو پارک میں بھی شجرکاری مہم کو مزید وسعت دی جائے گی اور یہاں پانچ ہزار سے زائد مینگروز کے پودے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے سیوریج کے مسائل کے حل کے حوالے سے بتایا کہ گٹر باغیچہ ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو 30 جون تک آپریشنل کر دیا جائے گا، جبکہ 31 دسمبر 2026 تک 100 ایم جی ڈی صلاحیت کے پلانٹ کو فعال کیا جائے گا۔ ماڑی پور ٹریٹمنٹ پلانٹ سے 54 ایم جی ڈی پانی کو ٹریٹ کیا جائے گا، جس سے ماحولیاتی بہتری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ راشد منہاس روڈ پر واقع الٰہ دین پارک کو اربن فاریسٹ میں تبدیل کیا جائے گا اور کے ایم سی کی 50 ایکڑ زمین کو شجرکاری اور ماحول دوست سرگرمیوں کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔