خاتون کو زندہ جلانے کا الزام، ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ
متاثرہ خاندان کا احتجاج، پروین بی بی کی ہلاکت پر شفاف تحقیقات اور انصاف کی اپیل
وہاڑی (خبر نگار)16 ڈبلیو بی کی رہائشی بلقیس بی بی نے اپنے بیٹے محمد بلال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی پروین بی بی کو مبینہ طور پر گھریلو تنازع پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی گئی، جس سے وہ جاں بحق ہو گئی۔بلقیس بی بی کے مطابق تقریباً 16 سال قبل ان کی بیٹی کی شادی محمد شعبان سکنہ 65/5 ایل ساہیوال سے ہوئی تھی، تاہم شادی کے بعد مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور کئی مرتبہ گھر سے نکالا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں پروین بی بی اپنے پانچ بچوں کے ہمراہ ساہیوال میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھی اور محنت مزدوری کر کے بچوں کی کفالت کر رہی تھی۔متاثرہ خاندان کے مطابق چند روز قبل محمد شعبان اپنے بھائی محمد اعظم کے ہمراہ پروین بی بی کے گھر آیا اور مبینہ طور پر اسے آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی اور دس روز بعد ہسپتال میں دم توڑ گئی۔بلقیس بی بی نے بتایا کہ مقدمہ تھانہ فرید ٹاؤن ساہیوال میں درج ہے جبکہ محمد اعظم گرفتار ہو چکا ہے ، تاہم مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوا۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر حکام سے شفاف تحقیقات اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔