صوبائی محتسب کی کھلی کچہری، 35 درخواستوں پر کارروائی
مختلف محکموں کے خلاف شکایات پر فوری اقدامات، مسائل کے حل کی یقین دہانی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) صوبائی محتسب پنجاب کے ریجنل کنسلٹنٹ راؤ محمد سلیم ڈی جی خان ریجن و مظفرگڑھ نے میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ میں صوبائی محتسب کے احکامات پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی شکایات سن کر فوری اقدامات کیے گئے ۔کھلی کچہری میں مختلف صوبائی اداروں کے خلاف داد رسی کے لیے 35 سائلین نے درخواستیں جمع کرائیں، جنہیں نوٹسز کے ہمراہ متعلقہ محکموں کو بھجوا دیا گیا۔ اس موقع پر راؤ محمد سلیم نے ناصر حسین کی درخواست پر ایڈمنسٹریٹر صوبائی بہبود فنڈ بورڈ لاہور کو دو بیٹوں کے تعلیمی وظائف فوری جاری کرنے کے احکامات دیے ۔اسی طرح رمیزہ رضوان اور غنی خان نے میرٹ پر ہونے کے باوجود ملازمت نہ ملنے کی شکایت کی، جس پر صوبائی محتسب کی مداخلت سے انہیں ایس ٹی آئی بھرتی کر لیا گیا۔ محکمہ تعلیم نے معاملہ حل کر دیا۔ساجد نامی شہری کی درخواست پر محکمہ مال مظفرگڑھ میں زیر التوا انتقالات اراضی کا عملدرآمد بھی مکمل کر کے اسے ریلیف فراہم کیا گیا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے راؤ محمد سلیم نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ شہریوں کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے مؤثر فورم ہے ، جو عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔