ترقیاتی منصوبوں سے شہری مشکلات میں کمی کی جائے ،تاجر

ترقیاتی منصوبوں سے شہری مشکلات میں کمی کی جائے ،تاجر

متبادل راستے کھولے ، منصوبے جلد مکمل کئے جائیں، ظفر صدیقی ،احتشام الحق

ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ واسا کے سیوریج اور دیگر ترقیاتی منصوبے شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے خوش آئند ہیں، تاہم سڑکوں کی کھدائی کے باعث شہریوں، تاجروں، دکانداروں اور ملازمت پیشہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گردوغبار اور ٹریفک کی بندش سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے صدر ظفر اقبال صدیقی، چیئرمین احتشام الحق، ضلعی صدر شیخ طاہر امجد، جنوبی پنجاب کے چیئرمین مرزا اعجاز علی، رحمت علی قریشی، حاجی اصغر اکبر ودیگر نے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا کہ بند راستوں کے متبادل راستے فوری طور پر کشادہ اور قابل استعمال بنائے جائیں، جہاں ممکن ہو سڑکیں کھولی جائیں، گردوغبار سے بچاؤ کے لئے باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے اور تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ بحالی کا عمل بھی تیز کیا جائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مختلف مقامات پر بیک وقت کام کے لئے ایک سے زائد کمپنیوں کو ٹھیکے دے تاکہ منصوبے جلد مکمل ہو سکیں۔ ظفر اقبال صدیقی نے کمشنر ملتان سے اپیل کی کہ پل براراں سے ایم ڈی اے چوک تک جاری سیوریج منصوبے کے باعث متاثرہ علاقے میں ٹیب ویل ورکشاپ سے امیر آباد جانے والا راستہ مکمل طور پر کھولا جائے تاکہ موٹر سائیکلوں کے ساتھ کاروں کی آمدورفت بھی بحال ہو سکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں