پٹرولیم لیوی ختم، عوام کو فوری ریلیف دیا جائے ، صہیب عمار

پٹرولیم لیوی ختم، عوام کو فوری  ریلیف دیا جائے ، صہیب عمار

ملتان (کرائم رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے۔۔۔

 اور پٹرولیم لیوی سمیت غیر ضروری ٹیکس فوری واپس لئے جائیں۔عزیز ہوٹل چوک پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے کے باوجود حکومت نے پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے ذریعے عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رکھا ہے ، جس کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام شہریوں تک نہیں پہنچ رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ناجائز ٹیکسوں کی آڑ میں عوام پر معاشی دباؤ بڑھا رہی ہے ، جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے شہریوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خواجہ عاصم ریاض، پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر چودھری امین، ڈاکٹر خالد رشید، ڈپٹی جنرل سیکرٹری معاذ امجد، جے آئی یوتھ کے صدر مجاہد صالحین اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ پٹرول، بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے ہر گھر کا بجٹ متاثر کیا ہے ، جبکہ مزدور، تاجر، سرکاری ملازمین، سفید پوش طبقہ اور نوجوان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی، مہنگائی پر مؤثر کنٹرول اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی استحصال کے خلاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں