جعلی زرعی ادویات کا بڑا گودام پکڑا گیا،مالکان پر مقدمہ
کروڑوں مالیتی زائد المیعاد ادویات ،پیکنگ میٹریل بھی برآمد
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی ہدایات پر محکمہ زراعت پنجاب نے جعلی اور زائد المیعاد زرعی ادویات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دیں۔ اسی سلسلے میں انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں قائم یونائیٹڈ سپر کراپس کے غیر قانونی گودام اور پیکنگ پلانٹ پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات قبضے میں لے لی گئیں۔ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ڈاکٹر عامر رسول کی سربراہی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیاس رضا کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (پیسٹ وارننگ) ڈاکٹر عبدالرؤف نے کارروائی کی۔ چھاپے کے دوران 7ہزار 131 اعشاریہ 2 لٹر اور 2 ہزار 521 اعشاریہ 24 کلوگرام جعلی و زائد المیعاد زرعی ادویات برآمد ہوئیں، جن کی مجموعی مالیت 6 کروڑ 70 لاکھ 84 ہزار 250 روپے بتائی گئی ہے ۔
محکمہ زراعت کے مطابق زائد المیعاد زرعی ادویات نئی بوتلوں میں بھر کر تازہ پیکنگ کے ساتھ مارکیٹ میں فروخت کی تیاری کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران مختلف زرعی ادویات کے 13 نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ، جبکہ برآمد ہونے والا تمام مال پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے یونائیٹڈ سپر کراپس کے مالک ہریش کمار اور سٹور انچارج تیمور علی کے خلاف پنجاب پیسٹی سائیڈز آرڈیننس 1971 کے تحت تھانہ مظفرآباد میں مقدمہ درج کرانے کے لئے استغاثہ جمع کرا دیا۔ ترجمان محکمہ زراعت نے کہا کہ جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔