ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات مزید تیز
ڈپٹی کمشنر کا راوی پل، ہیڈ سدھنائی کا دورہ، کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع خانیوال میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کوٹ اسلام میں دریائے راوی کے پل کا دورہ کرکے جاری حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کی خصوصی کاوشوں سے پل پر بند تین درے کھول دیے گئے ، جس سے ممکنہ سیلابی پانی کے بہاؤ میں بہتری اور خطرات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے محکمہ ہائی ویز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے باقی ماندہ کام 15 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ہیڈ سدھنائی کا دورہ کرکے محکمہ آبپاشی کے حفاظتی و ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے ہیڈ سدھنائی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید سیاحتی مقام بنانے کیلئے فزیبلٹی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کبیراللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، محکمہ ہائی ویز اور محکمہ آبپاشی کے افسران بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments