پیپلز کالونی واٹر فلٹر پلانٹ کی بدحالی، شہری مشکلات سے دوچار
خراب ٹوٹیاں، گندا پانی اور ناقص صفائی سے صاف پانی کا حصول دشوار، نوٹس کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پیپلز کالونی میں قائم واٹر فلٹر پلانٹ کی ابتر حالت شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب بن گئی ہے ۔ فلٹر پلانٹ کے سامنے کئی روز سے گندا پانی جمع ہونے کے باعث صاف پانی لینے آنے والے شہری، خصوصاً خواتین، بچے اور بزرگ شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق فلٹر پلانٹ کی متعدد ٹوٹیاں خراب ہونے سے صاف پانی مسلسل ضائع ہو رہا ہے ، جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث پلانٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر فلٹر پلانٹ کا مقصد عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنا ہے ، مگر موجودہ صورتحال اس مقصد کے برعکس دکھائی دیتی ہے ۔شہریوں نے کہا کہ گندے پانی کی وجہ سے فلٹر پلانٹ تک رسائی بھی دشوار ہو چکی ہے ، جس سے روزانہ پانی لینے آنے والوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ جمع شدہ گندا پانی فوری صاف کرایا جائے ، خراب ٹوٹیاں تبدیل کی جائیں، پانی کے ضیاع کو روکا جائے اور صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول میں صاف پانی میسر آ سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments