موٹیویشنل سیشن، سرکاری افسران کو مثبت سوچ اپنانے پر زور
ذہنی دباؤ پر قابو اور بہتر کارکردگی کی اہمیت اجاگر،سید قاسم علی شاہ کا خطاب
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع کونسل ہال مظفرگڑھ میں خصوصی موٹیویشنل سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف موٹیویشنل سپیکر سید قاسم علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کے ہمراہ شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق سیشن میں پولیس افسران، مختلف محکموں کے سربراہان، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید قاسم علی شاہ نے سٹریس مینجمنٹ، ٹیچنگ از اے لائف سٹائل اور ورک لائف بیلنس کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ کامیاب انسان وہ ہوتا ہے جو مشکلات کو مواقع میں تبدیل کرنے کا ہنر جانتا ہو۔ استاد کا کردار صرف نصاب پڑھانے تک محدود نہیں بلکہ وہ طلبہ کی سوچ، کردار اور مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ ذہنی دباؤ پر قابو پا کر ہی بہترین کارکردگی اور مؤثر عوامی خدمت ممکن ہے ۔ مثبت سوچ، متوازن زندگی اور معیاری تعلیم ہی ایک کامیاب معاشرے کی بنیاد ہیں۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ سرکاری افسران اور ملازمین کی استعداد کار میں اضافے اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی اور موٹیویشنل سیشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام ملازمین کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بہتر انداز میں فرائض انجام دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments