ویمن یونیورسٹی، نیٹ رائیڈر میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
انٹرن شپ، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی ، روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر اتفاق
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان اور نیٹ رائیڈر سافٹ ویئر ہاؤس کے درمیان طالبات کی پیشہ ورانہ تربیت، تکنیکی مہارتوں کے فروغ، تحقیق، جدت اور روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ۔ ترجمان کے مطابق معاہدے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول اور نیٹ رائیڈر سافٹ ویئر ہاؤس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہمایوں خان بابر نے دستخط کئے ۔معاہدے کے تحت طالبات کو انٹرن شپ، صنعتی تربیت، مشترکہ تحقیقی و اختراعی منصوبوں، پیشہ ورانہ رہنمائی، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور استعدادِ کار بڑھانے کے پروگراموں سے مستفید کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، سافٹ ویئر انجینئرنگ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، فری لانسنگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ طالبات عملی مہارتوں سے آراستہ ہو سکیں۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ تیزی سے بدلتے تکنیکی دور میں جدید ڈیجیٹل مہارتیں، عملی تجربہ اور صنعت سے مضبوط روابط ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ طالبات کو جدید ٹیکنالوجیز اور عملی تربیت کے ذریعے عالمی ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری طالبات کی تکنیکی صلاحیتوں، اختراعی سوچ، کاروباری رجحان اور پیشہ ورانہ تیاری کو فروغ دے گی، جبکہ تدریسی علم اور عملی تقاضوں کے درمیان فاصلے کو بھی کم کرے گی۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر ورکشاپس، سیمینارز، صنعتی دوروں، کیریئر ڈویلپمنٹ پروگرامز اور تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments