میپکو ترسیلی نظام بیٹھ گیا،گھنٹوں لوڈشیڈنگ،ٹرانسفارمر خرابی کی شکایات عام
تکنیکی خرابیوں کے باعث بجلی گھنٹوں بند رہنا معمول، ایس ڈی او ز نے نمبر بند کردیئے ، عملہ فون کال نہ واٹس ایپ شکایات کا جواب دیتا ہے ،کم وولٹیج کے مسائل بڑھ گئے
ملتان (خصوصی رپورٹر) میپکو کے ایس ڈی او ز نے نمبر بند کردیئے صارفین خوار ہوگئے تفصیل کے مطابق ملتان شہر میں شدید گرمی کے دوران میپکو کے متعدد سب ڈویژنوں میں تعینات بعض سب ڈویژنل افسروں (ایس ڈی اوز) کی مبینہ ناقص کارکردگی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف صارفین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی خرابی، ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر ہنگامی شکایات کے باوجود متعلقہ افسروں سے رابطہ کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے ، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔صارفین کے مطابق واپڈا ٹاؤن، ممتاز آباد، غلہ منڈی، بوسن روڈ، شاہ عالم، نواں شہر اور حسن آباد سب ڈویژنز میں تعینات بعض ایس ڈی اوز سرکاری موبائل نمبرز پر نہ تو فون کالز وصول کرتے ہیں اور نہ ہی واٹس ایپ پر موصول ہونے والی شکایات کا جواب دیتے ہیں، جس کے باعث بجلی کی بندش اور دیگر تکنیکی مسائل کے شکار شہری گھنٹوں پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں لمپ سم پے پیکیج کے تحت بھرتی ہونے والے بعض نئے ایس ڈی اوز سے صارفین کو بہتر کارکردگی کی توقع تھی، تاہم وہ بھی سابق افسروں کی روش اختیار کئے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق شدید گرمی کے باعث ملتان شہر میں بجلی کے نظام پر غیر معمولی دباؤ ہے ، جس کے نتیجے میں روزانہ متعدد ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ کئی سب ڈویژنز میں روزانہ دو سے چار ٹرانسفارمر خراب ہونے کی اطلاعات ہیں۔، جبکہ فنڈز کی کمی اور بروقت اپ گریڈیشن نہ ہونے کے باعث سینکڑوں ٹرانسفارمر تاحال ٹو فیز پر چل رہے ہیں۔، جس سے بجلی کی فراہمی مسلسل متاثر ہو رہی ہے اور صارفین کو طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔متاثرہ صارفین کا الزام ہے کہ سپرنٹنڈنگ انجینئر (ایس ای) ملتان ساجد گوندل اور بعض ایگزیکٹو انجینئرز بھی عوامی شکایات کے بروقت ازالے میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہے ، جس کے باعث مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments