ایچ ای سی :ایل ایل بی پروگرام چار سالہ کرنے کی منظوری

ایچ ای سی :ایل ایل بی پروگرام چار سالہ کرنے کی منظوری

پانچ سالہ پروگرام کے موجودہ طلبہ بھی نئی پالیسی سے مستفید ہوں گے

ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے قانونی تعلیم کے شعبے میں اہم پالیسی تبدیلی کرتے ہوئے ایل ایل بی پروگرام کی مدت پانچ سال سے کم کرکے چار سال کر دی ہے ۔ اس حوالے سے باقاعدہ پالیسی گائیڈ لائن اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق نہ صرف آئندہ داخلہ لینے والے طلبہ بلکہ اس وقت پانچ سالہ ایل ایل بی پروگرام میں زیر تعلیم تمام طلبہ پر بھی ہوگا۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ فیصلہ قانونی تعلیم کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے ، تعلیمی معیار بہتر کرنے اور قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق ڈھالنے کے لئے کیا گیا ہے ۔نظرثانی شدہ نصاب کو نیشنل کوالیفیکیشن فریم ورک، انڈر گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 اور گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کے مطابق مرتب کیا گیا ہے ۔ اس عمل میں پاکستان بار کونسل، ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کے علاوہ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی توثیق بھی حاصل کی گئی۔ایچ ای سی کے مطابق پانچ سالہ ایل ایل بی پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کی ڈگری بھی چار سالہ تصور کی جائے گی، جس کے بعد وہ چوتھے سال کے آخری امتحانات کامیابی سے مکمل کرکے لاء گریجویٹ اسیسمنٹ ٹیسٹ (لا گیٹ) میں شرکت کے اہل ہوں گے ۔ایچ ای سی نے تمام سرکاری و نجی جامعات کو اپنی تعلیمی پالیسیوں، ضوابط اور امتحانی نظام میں فوری ضروری تبدیلیاں کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے طلبہ ایک سال پہلے ڈگری مکمل کرکے وکالت کے شعبے میں جلد داخل ہو سکیں گے ، جس سے قانونی تعلیم کا معیار بھی مزید بہتر ہوگا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...