سیسی بجٹ،ایچ آئی وی بچوں کیلئے 2ارب کافنڈ مختص
مالی سال کے لیے 9ارب 74کروڑ روپے سے زائد کا سرپلس بجٹ متفقہ منظور ایچ آئی وی غفلت پر کوئی رعایت نہیں ہوگی، سخت کارروائی کی جائے گی،سعید غنی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر محنت سعید غنی نے واضح کیا ہے کہ ایچ آئی وی غفلت پر کوئی رعایت نہیں ہوگی، ذمہ دار ڈاکٹر، پیرا میڈیکس اور افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ ایچ آئی وی پھیلاؤ کے ذمہ داروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔سیسی گورننگ باڈی کے بجٹ 2026-2027 کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سعید غنی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام بچوں کا جامع ڈیٹا فوری طور پر مرتب کیا جائے ، جبکہ بیماری کے باعث جاں بحق ہونے والے بچوں کی تفصیلات بھی ریکارڈ میں شامل کی جائیں۔
گورننگ باڈی نے مالی سال 2026-2027 کے لیے سیسی کا 9 ارب 74 کروڑ روپے سے زائد کا سرپلس بجٹ متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ منظور شدہ بجٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران سیسی کی متوقع آمدن 18 ارب 56 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے جبکہ گزشتہ بچت سمیت مجموعی دستیاب وسائل 42 ارب 30 کروڑ روپے سے تجاوز کرنے کا تخمینہ ہے ۔بجٹ میں مجموعی اخراجات کا تخمینہ 18 ارب 50 کروڑ 90 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ، جبکہ سہ ماہی سرمایہ کاری کے لیے 12 ارب 2 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی معاونت کے لیے 2 ارب روپے کا ایچ آئی وی انڈومنٹ فنڈ بھی مختص کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments