مون سون بارشیں،ریسکیو کو الرٹ جاری
ایمرجنسی ایمبولینسز، فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں، واٹر ریسکیو ٹیمیں ، ریسکیو بوٹس ،لائف جیکٹس، لائف بوائز ،ریسکیو آلات ،تربیت یافتہ ایمرجنسی ریسکیورز کو تیار رہنے کی ہدایت کسی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانس دیا جائے گا، شہری بوسیدہ عمارات، دیواروں، ٹرانسفارمرز، تار،دریاؤں ، ندی ، نالوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری ،ڈاکٹر حسین
ملتان (کرائم رپورٹر )مون سون بارشوں کے سبب ریسکیو 1122کو ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔حکومت کی جانب سے ادارے کو مشینری ،افراد قوت کو تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان ڈاکٹر حسین میاں نے مون سون سیزن کے پیش نظر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے محفوظ رہنے کے لئے پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے باعث شدید بارشوں، آندھی، تیز ہواؤں، شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے ، بوسیدہ عمارتوں کے منہدم ہونے ، کرنٹ لگنے ، ٹریفک حادثات، ڈوبنے اور دیگر ہنگامی واقعات کے خدشات میں اضافہ ہو جاتا ہے ، تاہم بروقت احتیاطی اقدامات اختیار کر کے ان حادثات سے بڑی حد تک بچا جا سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 ملتان نے مون سون ایمرجنسی پلان کے تحت تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ ایمرجنسی ایمبولینسز، فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں، واٹر ریسکیو ٹیمیں، ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس، لائف بوائز، ریسکیو آلات اور تربیت یافتہ ایمرجنسی ریسکیورز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، مؤثر اور پیشہ ورانہ ریسپانس فراہم کیا جا سکے ۔ حساس مقامات، برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور ممکنہ فلڈ پوائنٹس کی مسلسل نگرانی بھی کی جائے گی۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بارشوں سے قبل اپنے گھروں، دکانوں، تعلیمی اداروں اور دیگر عمارتوں کی پرانی اور بوسیدہ چھتوں، کمزور دیواروں، برآمدوں، بالکونیوں، ستونوں اور دراڑوں کا مکمل معائنہ کروائیں اور ضروری مرمت فوری طور پر مکمل کریں۔ ایسی عمارتیں جو خستہ حال یا مخدوش ہوں، ان میں رہائش اختیار کرنے یا غیر ضروری آمدورفت سے گریز کیا جائے کیونکہ مسلسل بارشیں ان کے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ اسی طرح چھتوں پر موجود نکاسیٔ آب کے پائپ، گٹر اور نالیوں کی صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ بارش کا پانی جمع نہ ہو اور چھتوں پر اضافی بوجھ پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران برقی حادثات (الیکٹرک شاک) کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے ، اس لیے شہری گیلے ہاتھوں یا ننگے پاؤں برقی آلات، سوئچز، میٹرز، تاروں یا دیگر برقی تنصیبات کو ہرگز نہ چھوئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments