حج کوٹہ بے ضابطگیاں،درخواست گزار کی گرفتاری روک دی

حج کوٹہ بے ضابطگیاں،درخواست گزار کی گرفتاری روک دی

سندھ ہائیکورٹ کی ایف آئی اے کو قانون کے مطابق انکوائری مکمل کرنے کی ہدایتدفعہ 160کے تحت جاری نوٹس متعلقہ شخص کی حاضری کے لیے ہوتے ہیں،ریمارکس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے حج کوٹہ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ایف آئی اے کی انکوائری میں جاری طلبی نوٹس کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے ایف آئی اے کو قانون کے مطابق انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے انکوائری کے دوران درخواست گزار محمد اطہر کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا اور انہیں تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہو کر مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف حج کوٹہ، ویزوں اور سفری سہولیات کی فراہمی کے نام پر دو کروڑ روپے وصول کرنے کا الزام ہے ۔ ایف آئی اے نے ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیا، بلکہ دفعہ 160 کے تحت صرف طلبی نوٹس جاری کیے گئے ہیں تاکہ درخواست گزار کا مؤقف اور دستیاب دستاویزی شواہد حاصل کیے جا سکیں۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ انکوائری کے دوران درخواست گزار کو گرفتار نہیں کیا جائے گا اور انہیں اپنا مؤقف اور تمام دستاویزی شواہد پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے گا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں قرار دیا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت جاری نوٹس متعلقہ شخص کی حاضری کے لیے ہوتے ہیں اور ہائی کورٹ عموماً انکوائری کے مرحلے پر مداخلت نہیں کرتی۔  فریقین کے درمیان معاملہ سول نوعیت کا ہے یا فوجداری، اس کا تعین انکوائری افسر نے قانون کے مطابق کرنا ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...