گندم اور آٹا مہنگا ، انتظامیہ کنٹرول میں ناکام

 گندم اور آٹا مہنگا ، انتظامیہ کنٹرول میں ناکام

ناجائز منافع خوری کے خلاف قائم خصوصی ٹیموں کی کا ر کر دگی بھی نظر نہیں آ رہی ،عوام کا استحصال ہو رہا ، فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں :شہریوں کا مطالبہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فیصل آباد میں اوپن مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور پرائس کنٹرول حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 4,800 روپے فی من سے تجاوز کر گئی ہے ، جبکہ دیسی آٹا 145 روپے فی کلوگرام اور فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2,200 روپے تک پہنچ گئی ہے ، جس سے عام شہری خصوصاً مزدور طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہے ۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تو تشکیل دی گئی ہیں۔

تاہم ان کی کارکردگی مؤثر دکھائی نہیں دے رہی، جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے عوام کا استحصال ہو رہا ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...