ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ اجلاس، سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے صدارت کی ،اور پانی کے بہاؤ سے متعلق بریفنگ
ٹو بہ ٹیک سنگھ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کی تیاریوں، دستیاب وسائل اور ہنگامی منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر طارق عثمان، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو 1122، محکمہ ایریگیشن، لائیو سٹاک، زراعت، صحت، تعلیم، سول ڈیفنس، بلدیاتی اداروں، ہائی وے ، ایکسائز، بلڈنگ، انفارمیشن اور فاریسٹ کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔محکمہ ایریگیشن نے دریائے راوی کی موجودہ صورتحال اور پانی کے بہاؤ سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ دیگر محکموں نے اپنی مشینری، افرادی قوت اور ہنگامی انتظامات سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں۔
انہوں نے دریائے راوی کے بیلٹ میں واقع آبادیوں کے بروقت اور محفوظ انخلا، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور متاثرہ علاقوں میں پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے کی تاکید کی تاکہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو ہر وقت تیار رہنے ، بلدیاتی اداروں کو مشینری اور عملہ فعال رکھنے ، محکمہ صحت کو ممکنہ ریلیف کیمپوں میں ادویات اور طبی سہولیات فراہم کرنے ، محکمہ لائیو سٹاک کو مویشیوں کے تحفظ کے انتظامات مکمل رکھنے اور محکمہ زراعت کو ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فصلوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments