امتحانات میں آن اسکرین مارکنگ ، او ایم آراورخود کا رزلت سسٹم نافذ کرنے کی منظوری
طلبہ کو اب کیو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل اسناد جاری کی جائیں گی،آن لائن تصدیق بھی ممکن ہو سکے گی،تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کی تعیناتی کے لیے عمر کی حد 55 سے بڑھا کر 63 سال کردی گئی
کراچی(آئی این پی)سندھ کے تعلیمی بورڈز میں ایگزامینیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت اب امتحانات میں او ایم آر سسٹم، آن اسکرین مارکنگ اور خودکار رزلٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔سندھ کابینہ نے ’’سندھ بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اصلاحاتی پیکیج 2026 کی منظوری دے دی، جس کے تحت تمام 7 تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام اور ڈیجیٹل خدمات کو جدید بنایا جائے گا۔ اب امتحانات میں او ایم آر سسٹم، آن اسکرین مارکنگ اور خودکار رزلٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس سے نتائج کی تیاری میں انسانی غلطی کا امکان ختم ہو جائے گا۔اس کے علاوہ طلبہ کو اب کیو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل اسناد جاری کی جائیں گی اور اسناد کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہو سکے گی۔کابینہ نے اصلاحاتی پیکیج کو نافذ کرنے کے لیے 24 ماہ کا عملدرآمد پلان منظور کر لیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان اصلاحات کو قانونی شکل دینے کے لیے ضروری قانون سازی کی تجاویز جلد از جلد پیش کرے ۔دوسری جانب تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کی تعنیاتی کے لیے عمر کی حد 55 سال سے بڑھا کر 63 سال کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، تاکہ زیادہ تجربہ کار امیدواروں کو بورڈز کی سربراہی کے مواقع مل سکیں۔میٹرک بورڈ کراچی اور انٹرمیڈیٹ بورڈ حیدرآباد کے چیئرمینز کی آسامیاں دوبارہ مشتہر کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ تاہم، واضح کیا گیا ہے کہ جن امیدواروں نے پہلے سے درخواستیں دے رکھی ہیں، ان کی درخواستیں برقرار رہیں گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments