کوٹ ادو پاسپورٹ آفس میں غیر ضروری تاخیر ، شہریوں کو مشکلات
اضافی رقم ادا کرنیوالوں کے کام نسبتاً جلد انجام دینے کا الزام، حکام سے نوٹس کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) کوٹ ادو پاسپورٹ آفس میں مبینہ رشوت ستانی، غیر ضروری تاخیر اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے شکایات سامنے آنے پر فلاحی تنظیم اصلاحی اتحاد کے چیئرمین طلحہ بشیر، عہدیداران راناانیق الرحمن،ضیاء اللہ آفریدی، عبدالحفیظ، زبیررحمانی،رانا عثمان، رانا خلیق الرحمٰن، عامر وقاص اور دیگر نے متعلقہ حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاسپورٹ کے اجرا اور دیگر دفتری امور میں غیر معمولی تاخیر کی جاتی ہے جبکہ بعض شہریوں کا دعویٰ ہے کہ مبینہ طور پر اضافی رقم ادا کرنے والوں کے کام نسبتاً جلد انجام دیے جاتے ہیں۔متاثرہ شہریوں کے مطابق ان شکایات سے سب سے زیادہ حج و عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے زائرین، بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند نوجوان، طلبہ اور علاج کی غرض سے سفر کرنے والے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بروقت پاسپورٹ نہ ملنے کے باعث انہیں ویزا کارروائی، سفری شیڈول اور دیگر ضروری معاملات میں مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،شکایات پر شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاسپورٹ آفس میں خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے ، شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے۔
اور اگر کسی اہلکار کے خلاف الزامات درست ثابت ہوں تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔سماجی و عوامی حلقوں نے بھی اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد برقرار رہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments