اشتہاریوں کی گرفتاری پر پولیس افسروں میں انعامات تقسیم
ڈیڑھ لاکھ کی برآمد رقم مدعی کے حوالے ،مؤثر پولیسنگ جاری رکھنے کا عزم
لودھراں (سٹی رپورٹر)خطرناک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور جرائم کے خلاف نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈی پی او آفس میں تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈی پی او لودھراں کیپٹن (ر) علی بن طارق نے نمایاں خدمات انجام دینے والے ایس ایچ او سٹی دنیاپور نعیم الرحمن میؤ، ایس ایچ او صدر دنیاپور عمران عمر اور انچارج آئی ٹی عمران علی کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور خطرناک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری لودھراں پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر حکمت عملی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا ثبوت ہے۔
جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔بعد ازاں ڈی پی او آفس میں منعقدہ ایک اور تقریب کے دوران تھانہ قریشی والا پولیس کی جانب سے چوری کے مقدمے میں برآمد ہونے والی ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم مدعی فیاض کے حوالے کی گئی۔ ڈی پی او نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور برآمد شدہ مال کی بروقت واپسی پولیس کی پہلی ترجیح ہے ۔مدعی فیاض نے رقم کی واپسی پر لودھراں پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ ڈی پی او نے کامیاب ریکوری پر ایس ایچ او تھانہ قریشی والا عامر ندیم گجر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر پولیسنگ، فوری رسپانس اور پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments