ممکنہ سیلاب، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ کا متاثرہ آبادیوں کا دورہ
ضلعی انتظامیہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ : ارم شہزادی
کمالیہ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے دریائے راوی میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر آبادی 58/3 ٹکڑا، کمپارانوالی بستی، چک نمبر 731 گ ب، خان دا چک، اضافی آبادی کھوکرانوالی، جھلار سگلاں، مل فتیانہ، چک نمبر 736 گ ب اور دیگر ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے مقامی رہائشیوں سے ملاقات کر کے ممکنہ سیلاب کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات ہر وقت مکمل رکھے جائیں۔ارم شہزادی نے فلڈ ریلیف کیمپس کا بھی معائنہ کیا، جہاں ادویات، پینے کے صاف پانی، خوراک، خیموں اور دیگر ضروری سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریلیف کیمپس میں تمام سہولیات ہمہ وقت فعال رکھی جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی جا سکے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments