سیوریج نظام ناکام ، گٹر ابل پڑے ، شہری پریشان

 سیوریج نظام ناکام ، گٹر ابل پڑے ، شہری پریشان

جھنگ روڈ، سیف آباد، بابو والا، شاداب کالونی، شمس آباد، بھائی والا، مدینہ ٹاؤن سمیت متعدد رہائشی علاقوں میں گندا پانی گلیوں میں جمع ، آ مد ورفت مین مشکلات

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )واسا فیصل آباد کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں سیوریج کا نظام جواب دینے لگا۔ جھنگ روڈ، سیف آباد، بابو والا، شاداب کالونی، شمس آباد، بھائی والا، مدینہ ٹاؤن سمیت متعدد رہائشی علاقوں میں گٹر ابلنے سے گندا پانی گلیوں اور سڑکوں پر جمع ہو گیا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ کئی علاقوں میں تعفن پھیل چکا ہے جبکہ گندے پانی سے گزرنا شہریوں کا روزمرہ معمول بن گیا ہے ۔متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ واسا کی جانب سے سیوریج لائنوں کی بروقت صفائی اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث معمولی رکاوٹ بھی گٹروں کے ابلنے کا سبب بن جاتی ہے ۔ گندا پانی کئی کئی روز تک کھڑا رہنے سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ موٹر سائیکل سواروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بچے اسکول، ملازمین دفاتر اور بزرگ مساجد جانے کے لیے روزانہ گندے پانی سے گزرنے پر مجبور ہیں، جبکہ بدبو اور مچھروں کی بھرمار نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود واسا کی ٹیمیں یا تو بروقت نہیں پہنچتیں، اور اگر کارروائی کی بھی جاتی ہے تو وہ صرف عارضی نوعیت کی ہوتی ہے ۔شہریوں نے کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر اور ایم ڈی واسا سے مطالبہ کیا ہے کہ ابلتے گٹروں اور جمع سیوریج کے پانی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے اقدامات کیے جائیں، سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی کرائی جائے اور مستقل مانیٹرنگ کا مؤثر نظام بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بار بار اس صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔واضح رہے کہ اس معاملے پر مؤقف جاننے کے لیے منیجنگ ڈائریکٹر واسا سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...