مون سون بارش، واسا ہائی الرٹ، نکاسی آب آپریشن مکمل

مون سون بارش، واسا ہائی الرٹ، نکاسی آب آپریشن مکمل

ایم ڈی واسا کا مختلف علاقوں کا دورہ، ڈسپوزل اسٹیشن فل گنجائش پر چلانے کی ہدایت

ملتان (وقائع نگار خصوصی)جمعۃ المبارک کی دوپہر مون سون کی موسلادھار بارش شروع ہوتے ہی منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام سیوریج اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے افسروں اور فیلڈ عملے کو طلب کر لیا، جس کے بعد شہر بھر میں نکاسی آب کا ہنگامی آپریشن شروع کر دیا گیا۔ایم ڈی واسا نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد کے ساتھ چلانے کی ہدایت کی اور مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز و شاہراہوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر بھر میں جاری آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ بھی کی۔دورانِ معائنہ لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل کو میپکو حکام سے فوری رابطہ کرکے بجلی بحال کرانے اور ضرورت پڑنے پر ڈسپوزل اسٹیشنز جنریٹرز پر چلانے کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے سیوریج افسروں کو نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں سے بارش کا پانی فوری نکالنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم بھی دیا۔رپورٹ کے مطابق سورج میانی ڈسپوزل اسٹیشن پر 52 ملی میٹر، چونگی نمبر 9 پر 22 ملی میٹر، کڑی چمنداں پر 19 ملی میٹر، خان ولیج پر 16 ملی میٹر، سمیجہ آباد پر 11 ملی میٹر اور فاروق پورہ پر 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ایم ڈی واسا نے مزید بارشوں کے پیش نظر تمام افسروں کو الرٹ رہنے ، نکاسی آب سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کرنے اور آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر عملے کو شاباش دی۔ انہوں نے تغلق ٹاؤن میں بجلی کی بندش کا بھی نوٹس لیتے ہوئے واٹر سپلائی حکام کو واٹر باؤزرز کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...