سیوریج صفائی، کھدائی ،سول ورکس میں حفاظتی اقدامات کا حکم

 سیوریج صفائی، کھدائی ،سول ورکس میں حفاظتی اقدامات کا حکم

انسانی جانوں کی حفاظت ترجیح، ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، خالد جاوید

وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’پہلے حفاظت، پھر کام‘‘کے تحت ضلع کونسل ہال وہاڑی میں واسا کے فیلڈ آپریشنز اور سول ورکس کے دوران حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے کی۔سیمینار میں سیوریج لائنوں کی صفائی، مین ہول میں داخلے ، کھدائی اور دیگر تعمیراتی کاموں کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے ورکرز کو آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے ماہرین نے سیور مینوں کو عملی تربیت بھی فراہم کی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے ، اس لیے سیوریج کی صفائی اور سول ورکس کے دوران حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ حفاظتی آلات کے بغیر کسی بھی فرد کو کام کرنے کی اجازت نہ دی جائے ۔انہوں نے بلدیہ، ضلع کونسل اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر نگرانی کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو بھی حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کا پابند بنائیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔سیمینار میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری اکرام اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد افضال، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عاصم عباس، چیف آفیسر ضلع کونسل ساجد محمود اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...