وہاڑی چیمبر وفد کی پاکستان اکنامک سمٹ میں بھرپور شرکت
اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری، برآمدات اور نجی شعبے کے کردار پر تبادلہ خیال
وہاڑی ،ماچھیوال (خبر نگار،نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد اسحاق کی قیادت میں چیمبر کے وفد نے اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی پہلی پاکستان اکنامک سمٹ 2026 میں شرکت کی۔ وفد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر زاہد اقبال، وہاڑی چیمبر کے سابق صدر و ایگزیکٹو ممبر محمد غضنفر علی اور سینئر ممبر محمد مظہر علی بھی شامل تھے ۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے اشتراک سے منعقدہ اس قومی اقتصادی کانفرنس میں ملک بھر سے صنعت کاروں، تاجروں، ماہرین معیشت، پالیسی سازوں اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔ سمٹ کے دوران ملکی معیشت کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی و تجارتی امکانات، برآمدات میں اضافے ، نجی شعبے کے کردار اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وہاڑی چیمبر کے وفد نے مختلف کاروباری اور صنعتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں باہمی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی روابط کے استحکام پر گفتگو ہوئی۔ وفد نے اس قومی اقتصادی فورم میں شرکت کو اعزاز قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہاڑی چیمبر مستقبل میں بھی ملکی معیشت کے استحکام، نجی شعبے کی مضبوطی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments