ساون کی جھڑی برقرار، کوٹ ادو میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ
نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، بجلی اور رابطہ نظام اور معمولات زندگی شدید متاثر
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کوٹ ادو اور گردونواح میں ساون کی جھڑی دوسرے روز بھی برقرار رہی، جہاں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، تاہم شہری علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوٹ ادو میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔مسلسل بارش کے باعث شہر کی متعدد گلیوں، سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں، راہگیروں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر نکاسی آب کا نظام مؤثر نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی گھروں اور دکانوں کے سامنے کھڑا رہا۔
بارش کے دوران متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹے معطل رہی، جبکہ بعض علاقوں میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہوئی، جس کے باعث شہریوں کو رابطوں میں مشکلات پیش آئیں۔بارش کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ بارش کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments