ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی پھیلاؤ کیس،37افسران اور ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری

ولیکا  اسپتال میں ایچ آئی وی پھیلاؤ کیس،37افسران اور ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری

فیصلہ انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر کیا گیا،ڈاکٹرز، نرسز، انتظامی افسران اور سابق حکام بھی نوٹس یافتگان میں شامل، 14 روز میں جواب طلب، بصورت دیگر یکطرفہ کارروائی ہوگی، سیسی

کراچی(این این آئی)سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے زیرِ انتظام ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ سیسی نے جامع انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں 37 افسران اور ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 14 روز کے اندر تحریری جواب طلب کر لیا ہے ۔سیسی کمشنر ہادی بخش کلہوڑو کے مطابق نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا، جبکہ تمام نوٹس یافتگان کو ذاتی شنوائی کا حق بھی دیا گیا ہے۔نوٹس پانے والوں میں سابق اور موجودہ افسران، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ شامل ہے ۔ ان میں 10 اسٹاف نرسز، 7 نرس ایڈز، 5 لیڈی ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسرز، 2 کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشنز، 2 آڈٹ افسران، 2 سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، سابق میڈیکل سپروائزر، میٹرن، ڈپٹی میڈیکل آفیسر، لیڈی میڈیکل آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران و ملازمین شامل ہیں۔حتمی شوکاز نوٹس میں متعلقہ افراد پر مبینہ طور پر سنگین غفلت، فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی اور موثر نگرانی نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔سیسی کمشنر نے بتایا کہ تمام نوٹس یافتگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 روز کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق یکطرفہ محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سیسی کے مطابق انکوائری کا مقصد  مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرنا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...