بسیں بند ہونے پر مسافر ساری رات سڑک پر بیٹھے رہے

بسیں بند ہونے پر مسافر ساری رات سڑک پر بیٹھے رہے

آر ٹی اے کارروائی کے خلاف مسافروں کا احتجاج، وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کی اپیل

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)سیکرٹری آر ٹی اے مظفرگڑھ کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر راولپنڈی جانے والی دو بسیں تھانہ سٹی مظفرگڑھ میں بند کیے جانے کے بعد مسافر شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ۔ بسوں میں سوار مرد، خواتین اور بچے متبادل گاڑی نہ ملنے کے باعث ساری رات سڑک پر گزارنے پر مجبور رہے ۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری آر ٹی اے مظفرگڑھ ثناء اللہ ریاض نے شہر میں بسوں اور ویگنوں کی جانب سے سڑک پر رک کر مسافروں کو اتارنے اور چڑھانے کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کے چالان کیے ۔ اس دوران راولپنڈی جانے والی دو بسوں کو بھی تھانہ سٹی مظفرگڑھ میں بند کر دیا گیا۔مسافروں نے سیکرٹری آر ٹی اے سے اپیل کی کہ اگر ڈرائیوروں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو انہیں جرمانہ کیا جائے ، تاہم گاڑیاں بند نہ کی جائیں کیونکہ رات کے وقت خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔

مسافروں کے مطابق ان کی اپیل پر توجہ نہ دی گئی جبکہ بس مالکان نے کرایہ بھی واپس کرنے سے انکار کر دیا۔واقعے کے خلاف مسافروں نے صبح کے وقت روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا اور ایک گرین الیکٹرک بس کو بھی روک لیا۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔سیکرٹری آر ٹی اے ثناء اللہ ریاض نے بتایا کہ گزشتہ رات 13 ویگنوں، ایک کوسٹر اور چار بسوں سمیت 18 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ مظفرگڑھ شہر میں مستقل بس و ویگن اسٹینڈ قائم کیا جائے تاکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...