سرکاری سکولوں کے طلبہ کو یونیک آئی ڈی جاری کرنے کا فیصلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم تقریباً ڈیڑھ کروڑ طلبہ کو یونیک اسٹوڈنٹ آئی ڈی جاری کرنے اور صوبہ بھر میں یونیفائیڈ سٹوڈنٹ ڈیٹا سسٹم متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے ۔
اس منصوبے کا مقصد طلبہ کا مکمل تعلیمی ریکارڈ ڈیجیٹل نظام کے تحت محفوظ کرنا، نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانا اور تعلیمی منصوبہ بندی کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے ۔ذرائع کے مطابق ہر طالب علم کو مستقل یونیک آئی ڈی دی جائے گی۔ جس کے ذریعے اس کا مکمل تعلیمی ریکارڈ ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگا۔ متعلقہ حکام ایک کلک پر طالب علم کی جماعت، کامیابی یا ناکامی، عمر، صحت، رہائشی ضلع، داخلے کی تفصیلات اور دیگر بنیادی معلومات حاصل کر سکیں گے ۔
اگر کوئی طالب علم ایک سرکاری سکول سے دوسرے سکول منتقل ہوگا تو اس کی یونیک آئی ڈی تبدیل نہیں ہوگی، جس سے اس کا تعلیمی ریکارڈ محفوظ رہے گا اور ڈراپ آؤٹ یا بار بار داخلوں جیسے معاملات کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق نئے نظام سے طلبہ کی حاضری، تعلیمی کارکردگی، داخلوں کی نگرانی، بوگس انرولمنٹ کی روک تھام، درست اعداد و شمار کی دستیابی اور تعلیمی وسائل کی بہتر تقسیم میں مدد ملے گی۔ پہلے مرحلے میں یہ نظام سرکاری سکولوں میں نافذ کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی اسی نظام کے تحت رجسٹر کیا جائے گا۔ منصوبے کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے کے بعد اس پر مرحلہ وار عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق یہ اقدام تعلیمی شعبے میں شفافیت، بہتر انتظامی نظام اور مستقبل کی مؤثر تعلیمی منصوبہ بندی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments