قرآن سے تعلق دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت :مقررین
قرآنِ مجید حفظ کرنا عظیم سعادت اور بڑا اعزاز ہے ، بچوں کے والدین کو مبارکباد
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جامع غوثیہ مہریہ کے زیرِ اہتمام سالانہ دستارِ فضیلت اور اسلامی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن سنٹرل پنجاب رانا محمد ادریس قادری نے خصوصی شرکت کی۔اپنے خطاب میں رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ قرآنِ مجید اللہ تعالیٰ کی آخری اور کامل کتاب ہے ، جس نے انسانیت کو ہدایت، کردار، علم اور کامیابی کا راستہ عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید سے مضبوط تعلق ہی دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی کی ضمانت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حفاظِ کرام وہ خوش نصیب ہیں جن کے سینوں کو اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام کا امین بنایا ہے ۔ قرآنِ مجید حفظ کرنا عظیم سعادت اور بڑا اعزاز ہے ، جبکہ ان والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی اولاد کو حافظِ قرآن بنانے کی سعادت حاصل کی۔تقریب سے علامہ پیر سید غلام نظام الدین نظام شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید اور صاحبِ قرآن حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے مضبوط وابستگی ہی امتِ مسلمہ کی عزت، اتحاد اور سربلندی کا راستہ ہے ۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور عشقِ رسول ﷺ کو اپنے کردار کا محور بنائیں۔تقریب کی نگرانی علامہ الحاج قاری محمد ظفر اقبال مہروی، قاری محمد فیض الحق مہروی اور صاحبزادہ محمد فیض المصطفیٰ چشتی نے کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments