لوکل گورنمنٹ نظام آن لائن ہونے کے باوجود مبینہ بے ضابطگیاں، بدعنوانیاں بر قرار
یونین کونسل کے بعض سیکرٹریز اور دیگر عملہ برتھ، میرج اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس کے کوائف میں رد و بدل کر کے بھاری نذرانے لینے لگا ، اندراج کیلئے تاخیر سے آ نے والوں کو اعتراضات لگا کر پریشان کیا جا رہا
فیصل آباد(عبدالباسط) برتھ، میرج اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر سرکاری دستاویزات کی فراہمی میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کے خاتمے کے لیے لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی مینجمنٹ کا نظام آن لائن کیے جانے کے باوجود شہریوں کو مبینہ طور پر مطلوبہ ریلیف نہ مل سکا۔ ذرائع کے مطابق یونین کونسل دفاتر میں تعینات بعض سیکرٹریز اور دیگر عملہ مختلف طریقوں سے کوائف میں رد و بدل کرکے مبینہ طور پر بھاری نذرانے وصول کرنے کے بعد بوگس سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات جاری کرنے میں ملوث ہیں۔لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی مینجمنٹ سسٹم کو آن لائن کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود مبینہ بے ضابطگیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔برتھ یا ڈیتھ کے اندراج میں تاخیر سے آنے والے سائلین سے مطلوبہ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے عوض مبینہ طور پر اضافی رقوم وصول کی جاتی ہیں، جبکہ بعض معاملات میں کوائف میں تبدیلی کرکے مطلوبہ دستاویزات جاری کر دی جاتی ہیں۔ذرائع کے مطابق شہریوں کو مبینہ طور پر بلاجواز اعتراضات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بعد ازاں وہی اعتراض شدہ کام مبینہ نذرانہ وصول کرنے کے بعد آسانی سے نمٹا دیے جاتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات بھی کی جا چکی ہیں، لیکن ازالے اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی میں سنجیدگی دکھائی نہیں دیتی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے مبینہ بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ کیا جائے اور ذمہ دار وں کے خلاف مؤثر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments