جرائم کی شرح ماضی کے مقابلے میں کم ہوئی،پولیس چیف
بعض جرائم پیشہ گروہ بیرون ملک بیٹھ کر اپنے نیٹ ورکس چلا رہے ہیں شہر میں منشیات کا نیٹ ورک تشویشناک حد تک پھیل چکا ہے ،فباٹی کادورہ
کراچی( کامرس رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی سندھ آزاد خان نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کی مرتب کردہ پالیسیوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے جس کے نتیجے میں کراچی میں جرائم کی شرح ماضی کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی کے نیٹ ورکس کا سامنا ہے ، تاہم سندھ پولیس نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردی کے خطرات پر قابو پایا ہے اور سکیورٹی الرٹ کے باوجود حالات کو کنٹرول میں رکھا ہوا ہے۔ فیڈرل بی ایریا ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(فباٹی) میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے دو بڑے نیٹ ورکس کو گرفتار کرکے انکے خلاف کارروائی کی گئی،جبکہ بعض جرائم پیشہ گروہ بیرون ملک بیٹھ کر اپنے نیٹ ورکس چلا رہے ہیں جن کی گرفتاری اور وطن واپسی کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں منشیات کا نیٹ ورک تشویشناک حد تک پھیل چکا ہے ، خصوصاً اسکولوں اور کالجوں میں اس کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔سندھ پولیس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، جبکہ کراچی سیف سٹی منصوبے کے تحت اب تک 1300 کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں اور مزید دو ہزار کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک مسائل کے پیش نظر ای چالان سسٹم متعارف کرایا گیا ہے تاہم شہر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کی کمی اور تجاوزات بھی ٹریفک کی روانی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments