آئین کے تحت کام کررہا ہوں، نہیں چاہتا ملک تقسیم ہو، گورنر
لاہور اور کراچی کا موازنہ مثبت انداز میں کیا جائے ، تنقید کے بجائے ایک دوسرے کے کام سے سیکھنا چاہیے ،نہال ہاشمی جہاں آبادی زیادہ ہو وہاں جرائم کی شرح بھی زیادہ ہوتی ہے ،سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ضرورت،لیپ ٹاپ تقسیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر )وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں پیر کو گورنر ہاؤس سندھ میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات شریک ہوئے ۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اہم کتاب آئین پاکستان ہے ۔ تقسیم کا لفظ انتہائی نامناسب ہے ، میں نہیں چاہتا کہ ملک تقسیم ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں آئینی گورنر ہوں، عوامی گورنر نہیں ہوں۔ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ میں آئین کے تحت گورنر کے منصب پر آیا ہوں۔ میں عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ آئین کے تحت گورنر مقرر ہوا ہوں۔
میں آئین کے تحت کام کر رہا ہوں اور آئندہ بھی آئین کے مطابق کام کرتا رہوں گا۔گورنر نے کہا کہ لاہور اور کراچی کا موازنہ مثبت انداز میں کیا جانا چاہیے ۔ ہمیں ایک دوسرے پر تنقید کے بجائے ایک دوسرے کے کام سے سیکھنا چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کا یہ دسواں ایڈیشن ہے ۔ اب تک تقریباً 7 لاکھ لیپ ٹاپ طلبہ میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ آئندہ سال لیپ ٹاپ اسکیم کو مزید وسعت دینے کا ارادہ ہے ۔میر رضا کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ میر رضا نے خودکشی نہیں کی، اسے چار گولیاں لگی ہیں، یہ میری معلومات ہے ، باقی کیس کی تفتیش جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نوجوان کی ہلاکت ہمارے لیے افسوس کی بات ہے ۔
کراچی جتنا بڑا شہر ہے ہمیں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ جہاں آبادی زیادہ ہوتی ہے وہاں جرائم کی شرح بھی زیادہ ہوتی ہے ۔ 2010 میں جرائم کی شرح زیادہ تھی، اب جرائم میں کمی آئی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے ۔ لیپ ٹاپ کی فراہمی نوجوانوں کو جدید تعلیم اور علم کے حصول میں مدد دے گی۔ پاکستان 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی ایکسپورٹ کا ہدف حاصل کرنا چاہتا ہے ۔وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی بدولت یہ ایونٹ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے ۔ اس سال سندھ کی 33 یونیورسٹیوں میں 20 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments