پٹرولیم لیوی عوام پراضافی معاشی بوجھ، صہیب عمار صدیقی
ملتان(کرائم رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین ملتان کے زیر اہتمام پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے کے لئے ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کی قیادت ناظمہ حلقہ خواتین ملتان رضیہ عابد نے کی، جبکہ نائب ناظمہ جنوبی پنجاب شازیہ شیر افضل، رفیعہ فاطمہ، لالہ رخ، خدیجہ کرامت، فوزیہ احمد، سلمیٰ رحمن اور شہر بھر سے خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی معاشی بوجھ ہے ، جس کے باعث ٹرانسپورٹ، خوراک، ادویات، تعلیم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام مزید مہنگائی اور معاشی دباؤ برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کرے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی لائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز، بھاری ٹیکسوں اور دیگر معاشی پالیسیوں نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ صہیب عمار صدیقی نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام 7 اگست کو پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی ریلی اور دھرنا منعقد کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments