آج مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا:جاوید قصوری
جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین کا احتجاجی مارچ ، بچوں نے بھی شرکت کی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور لیوی ٹیکس کے خلاف آج 7 اگست کو جماعت اسلامی کی کال پر ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔وہ جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین کے احتجاجی مارچ سے خطاب کر رہے تھے ، جس کی قیادت ضلعی ناظمہ سعدیہ رحمان، میمونہ لطیف، نجمہ خانم، بشریٰ صادقہ اور ڈاکٹر فہمیدہ الیاس نے کی، جبکہ ریلی میں خواتین کے ساتھ بچوں نے بھی شرکت کی۔جاوید قصوری نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل پر عائد لیوی، بڑھتی پیداواری لاگت اور ٹیکسوں کے بوجھ کے خلاف عوامی احتجاج مؤثر ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عوام عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں سے آگاہ ہیں اور ان کے بقول اضافی لیوی اور ٹیکس عوام کے لیے ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ عوام کے معاشی مسائل حل کیے جائیں، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور زراعت، تجارت، صنعت اور گھریلو کاروبار کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے ۔جاوید قصوری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت پر پٹرولیم لیوی واپس لینے کے لیے دباؤ بڑھایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments