گندم کی رسٹ بیماری ، پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ

 گندم کی رسٹ بیماری ، پیداوار متاثر ہونے  کا خدشہ

زرعی یونیورسٹی کے زیر اہتمام ‘‘ ارلی وارننگ سسٹم’’ کے موضوع پر سیمینار ، گندم ملکی غذائی سلامتی کی بنیاد ہے اور اس کی پیداوار کا تحفظ قومی ضرورت:ڈاکٹر غلام مرتضیٰ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)زرعی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گندم کی رسٹ بیماری کے باعث پیداوار میں 50 فیصد تک کمی واقع ہو سکتی ہے ، جس سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر ارلی وارننگ سسٹم قائم کرنے اور رسٹ کے خلاف مزاحمت رکھنے والی گندم کی اقسام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔مرکز برائے اعلیٰ تعلیم، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام ‘‘پاکستان میں گندم کی رسٹ بیماری کے لیے ارلی وارننگ سسٹم’’ کے موضوع پر منعقدہ پراجیکٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ گندم پاکستان کی غذائی سلامتی کی بنیاد ہے اور اس کی پیداوار کا تحفظ قومی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب بریڈنگ پروگرام وہی ہے جو زیادہ پیداوار کے ساتھ رسٹ جیسی بیماریوں کے خلاف دیرپا مزاحمت رکھنے والی اقسام تیار کرے ۔انہوں نے بتایا کہ رسٹ دنیا کی خطرناک ترین فصلی بیماریوں میں شامل ہے۔

جس کے جراثیمی ذرات ہوا کے ذریعے سینکڑوں کلومیٹر تک سفر کر سکتے ہیں، اس لیے ارلی سرویلنس سسٹم کے ذریعے بیماری کی بروقت نشاندہی اور تدارک انتہائی ضروری ہے ۔پراجیکٹ کی سربراہ ڈاکٹر زنیرہ افضل نے کہا کہ گندم کی رسٹ کے مؤثر تدارک کے لیے مربوط نگرانی، بروقت ارلی وارننگ نظام، کم لاگت تشخیصی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی فیصلہ سازی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رسٹ کی تین بڑی اقسام، پیلی رسٹ، لیف رسٹ اور سٹیم رسٹ ہیں، جبکہ لیف رسٹ پاکستان کے بیشتر گندم پیدا کرنے والے علاقوں میں پائی جاتی ہے اور حساس اقسام میں پیداوار کو 38 فیصد تک کم کر سکتی ہے ۔آسٹریلین ایوارڈ فیلو اور چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس پروفیسر ڈاکٹر ثاقب علی نے آسٹریلوی کمپنی بائیوسکاؤٹ کے زرعی بیماریوں کی ابتدائی تشخیص کے نظام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فضائی اسپور مانیٹرنگ، مصنوعی ذہانت اور ریئل ٹائم ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے بیماری کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی پیتھوجنز کی نشاندہی ممکن ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...