پراپرٹی ٹیکس میں سالانہ اضافہ قبول نہیں،ظفر صدیقی
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر کا مشاورتی اجلاس صدر ظفر اقبال صدیقی کی صدارت میں ہوا۔۔۔
، جس میں ملکی و مقامی معاشی صورتحال، پراپرٹی ٹیکس میں اضافے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، واسا کے ترقیاتی منصوبوں اور تنظیمی امور پر غور کیا گیا۔ شرکا نے تاجر برادری کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جلد اہم فیصلوں پر اتفاق کیا۔ظفر اقبال صدیقی نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ دو برس کے دوران پراپرٹی ٹیکس میں بے تحاشا اضافہ تاجروں اور شہریوں کیلئے ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے ۔ گزشتہ سال پراپرٹی ٹیکس میں 25 فیصد جبکہ رواں سال 37.50 فیصد اضافہ کیا گیا، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مہنگائی، بجلی و گیس کے بھاری بلوں، کاروباری اخراجات اور دیگر ٹیکسوں نے پہلے ہی کاروباری طبقے کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پراپرٹی ٹیکس کے نظام پر نظرثانی، غیر معمولی سالانہ اضافہ واپس اور تاجروں و شہریوں کو ریلیف دیا جائے ۔ ٹیکس بڑھانے کے بجائے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے ۔ضلعی صدر شیخ طاہر امجد نے کہا کہ واسا کے ترقیاتی منصوبے ضروری ہیں، تاہم سڑکوں کی کھدائی کے بعد مٹی اور ملبہ نہ اٹھانے سے ٹریفک اور آمدورفت متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے سڑکوں کی بروقت بحالی کا مطالبہ کیا۔شرکا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے کو مسترد کرتے ہوئے نرخ مستحکم کرنے اور ہفتہ وار ردوبدل ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments