گریڈز پروجیکٹ کے تحت تعلیمی افسروں کی آن لائن تربیت
تمام اضلاع کے افسر آج آخری تربیتی سیشن میں شرکت کریں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں ‘‘گریڈز’’ پروجیکٹ کے تحت تعلیمی ڈیٹا سسٹمز پر آن لائن تربیت کا آغاز کردیا گیا۔ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلی منٹیشن یونٹ کی جانب سے پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارم پروگرام کے تحت عالمی بینک کی مالی معاونت سے جاری منصوبے میں تمام اضلاع کے متعلقہ تعلیمی افسروں کی شرکت لازمی قرار دی گئی ہے ۔ تربیتی پروگرام 20 اگست تک جاری رہے گا۔مراسلے کے مطابق ہر ضلع سے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر، ہر تحصیل سے ایک ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر اور دو اسسٹنٹ ایجوکیشن افسر تربیت میں شریک ہوں گے ۔ تین روزہ شیڈول کے پہلے مرحلے میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری، تلہ گنگ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور نارووال سمیت شمالی و مرکزی اضلاع کے افسروں نے شرکت کی۔دوسرے مرحلے میں 19 اگست کو سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، چنیوٹ، جھنگ، لاہور، فیصل آباد، قصور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور اوکاڑہ کے افسروں نے آن لائن سیشنز میں حصہ لیا، جبکہ آخری مرحلے میں 20 اگست کو ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، لیہ، ساہیوال، پاکپتن، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے افسروں کی تربیت مکمل ہوگی۔محکمہ نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان کو متعلقہ افسروں کی تفصیلات فوری طور پر پی ایم آئی یو دفتر ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے ، تاکہ آن لائن تربیتی سیشنز کے لنکس بروقت فراہم کئے جاسکیں۔ تربیت مکمل ہونے پر شرکا کے سرٹیفکیٹس جمع کرانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments