تمام سکولوں کی سکیورٹی معلومات ڈیجیٹل نظام پر منتقل

تمام سکولوں کی سکیورٹی  معلومات ڈیجیٹل نظام پر منتقل

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کی سکیورٹی صورتحال کی مؤثر نگرانی کیلئے سکیورٹی موبائل ایپ اور ویب پورٹل فعال کردیا۔

محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو افسران ایجوکیشن اتھارٹیز کو نظام پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے ۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ موبائل ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سے متعلق معلومات کا مرکزی ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ اس نظام سے سکیورٹی اقدامات کی بروقت نگرانی بھی ممکن ہوگی۔مراسلے کے مطابق سکولوں کی سکیورٹی کیلئے پانچ سطحی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے ، جس کے تحت اداروں میں مقررہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایپ کے ذریعے سکولوں کی جانب سے خود تشخیصی کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔تمام سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سرکاری لاگ اِن کے ذریعے موبائل ایپ یا ویب پورٹل تک رسائی حاصل کرکے ادارے کی سکیورٹی سے متعلق مطلوبہ معلومات درج کریں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فراہم کردہ معلومات مکمل، درست اور تازہ ترین ہونی چاہئیں اور انہیں باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے ۔حکام کے مطابق ڈیجیٹل نظام سے سکولوں کی سکیورٹی کی مؤثر نگرانی، انتظامی فیصلوں اور ڈیٹا کی بنیاد پر پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...