وہاڑی :واسا ملازمین کیلئے فائر سیفٹی تربیتی ورکشاپ
وہاڑی :واسا ملازمین کیلئے فائر سیفٹی تربیتی ورکشاپ ریسکیو 1122نے ہنگامی حالات، آگ بجھانے ، اور محفوظ انخلاء کی تربیت دی
وہاڑی(خبرنگار، نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ ورکرز وژن کے تحت پیپلز کالونی ڈسپوزل اسٹیشن وہاڑی میں واسا کے ڈسپوزل اسٹیشنز کے عملے کے لیے ریسکیو 1122 کے تعاون سے فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ ورکشاپ ایم ڈی واسا وہاڑی چوہدری اکرام اللہ کی ہدایات پر منعقد ہوئی، جس کا مقصد فیلڈ اسٹاف کو محفوظ طریقہ کار، ہنگامی صورتحال میں بروقت فیصلہ سازی اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری عملی مہارت فراہم کرنا تھا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے عملے کو آگ لگنے کی صورت میں حفاظتی اقدامات، آگ بجھانے کے طریقہ کار، فائر ایکسٹنگوشر کے درست استعمال، سی پی آر، ہنگامی صورتحال میں محفوظ انخلاء اور زخمیوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے عملی تربیت دی، جبکہ مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تربیتی سیشن ریسکیو 1122 کے محمد عمران، محمد اصغر اور میڈم حسینہ نے کروایا۔ ورکشاپ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا وہاڑی ضیغم شہزاد، پبلک ریلیشن آفیسر وسیم باری، انجینئر اویس انور سمیت متعلقہ ڈسپوزل اسٹیشنز کے سپروائزرز اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments